اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ وادی کی معروف دینی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے اراکین پر مشتمل شیعہ سنی کاڈی نیشن کمیٹی کا خصوصی محرم اجلاس انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں گاسی یار جڈی بل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہ محرم الحرام کی خصوصی تقریبات کے اطمینان بخش اور پُر امن انعقاد کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس میں جن معززین نے شرکت کی اُن میں جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ کے سربراہ احاجی محمد یاسین ملک، جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی ، حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو، نمایندہ قائد تحریک سید علی شاہ گیلانی حکیم عبدالرشید ، نمایندہ میرواعظ کشمیر و صدر متحدہ مجلس علما ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق، پیر غلام نبی، غلام محمد میرنمایندہ محبوس حریت رہنما شبیر احمد شاہ سید سلیم گیلانی،غلام نبی زکی، مشتاق احمدصوفی صدر شہید ملت فورم وغیرہ شامل ہیں۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت سید محمد حسین الموسوی نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض شیخ عبدالرشید نے انجام دیئے۔ مقررین نے معرکہ کربلا کو حق و باطل کا وہ منفرد معرکہ قرار دیا جس میں ظلم و بربریت اور جبروطاقت کا مقابلہ درخشان اصولوں اور صبرو استقامت سے کرکے باطل کی ظاہری برتری کو اس کی دائمی شکست میں تبدیل کیا گیا۔ حضرت امام حسینؑ کی شہادت اعظمیٰ سے عشق و محبت کا کم از کم تقاضا یہ ہے کہ امت مسلمہ جابر اور فاسق قوتوں سے حتی الامکان برأت اور نفرت کا مظاہرہ کرے۔ مقررین نے عاشوراے حسینیؑ کے فکر و پیغام کی تشہیر و ترویج کو امت مسلمہ کی شان و سربلندی کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے اس ناگزیر ضرورت پر زور دیاکہ علماء دین کربلا کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ اجلاس میں محسوس کیا گیا کہ جو معروف دینی یا سماجی تنظیمیں مذکورہ کاڈی نیشن کمیٹی میں شامل نہیں، انہیں وادی میں اخوت ملی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی استدعا کی جائے اور اُن کا دست تعاون طلب کیا جائے۔ اجلاس اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر اور اجنسیوں کے مکروہ عزائم کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور محرم جلوسوں میں مذکورہ کاڈی نیشن کمیٹی کے ممبران بنفس نفیس شرکت کرکے اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔ اپنے صدارتی خطبے میں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ محرم الحرام تحفظ دین و شریعت اور طاغوتی قوتوں کے اسلام و مسلم دشمن عزائم کے خلاف کمربستہ ہونے کا پیامی ہے اور ان اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کیلئے مسلمانوں کا باہمی اتحاد و اخوت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں محرم تقریبات کے شایان شان انعقاد میں یہاں کی دینی اور سیاسی و سماجی تنظیموں کا اہم کردار رہا ہے۔ یہ روش اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔ آغا سید حسن نے تاریخی محرم جلوسوں پر 3 دہائیوں سے سرکاری قدغن کو مداخلت فی الدین کی سیاہ تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان پابندیوں کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے ۔ آغا سید حسن نے کہا کہ حکومتی پابنیوں کے باوجود ان قدغن شدہ محرم جلوسوں کو برآمد کیا جاتا رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲